قیامت کے دن جنت کا وارث بننا محض ایک اعزاز نہیں بلکہ ایمان اور تقویٰ کا منطقی انجام ہے۔
اللہ تعالیٰ نے قرآن میں واضح فرمایا
تِلْكَ الْجَــــنَّةُ الَّتِيْ نُوْرِثُ مِنْ عِبَادِنَا مَنْ كَانَ تَقِيًّا
یہی وہ جنت ہے جس کا ہم اپنے بندوں میں سے اس کو وارث بنائیں گے جو پرہیزگار ہوگا۔
(سورۃ مریم :63)
یہ آیت ایک بنیادی عقیدہ بیان کرتی ہے کہ جنت کسی نسل، قوم یا گروہ کی میراث نہیں، بلکہ صرف ان بندوں کے لیے ہے جو اللہ سے ڈرتے ہیں، خالص توحید پر قائم رہتے ہیں، اور گناہوں سے بچتے ہیں۔ تقویٰ دراصل ایمان کا عملی ثبوت ہے یعنی وہ دل جو اللہ کے خوف سے لبریز ہو، اور وہ عمل جو اللہ کی رضا کے لیے ہو، وہی انسان کو جنت کا مستحق بناتا ہے۔ دل کی پاکیزگی اور نیت کا اخلاص جنت کے دروازے کھولتے ہیں، نہ کہ دنیاوی حیثیت، مال یا نام۔ تقویٰ کا مفہوم یہی ہے کہ بندہ ہر عمل میں اللہ کی خوشنودی کو مقدم رکھے، خواہ دنیا میں نقصان ہی کیوں نہ ہو۔
صحابہ کرامؓ کا طرزِ عمل اس آیت کی بہترین تفسیر ہے۔ وہ ایمان کے دعوے پر نہیں بلکہ عمل کے اخلاص پر یقین رکھتے تھے۔ آج کے دور میں جب ایمان کے ساتھ دنیا پرستی اور ریاکاری شامل ہو گئی ہے، تو یہ آیت ہمیں یاد دلاتی ہے کہ جنت کے وارث صرف وہی ہوں گے جنہوں نے توحید خالص رکھی، اللہ کے لیے زندگی گزاری، اور اپنے دلوں کو کبریائی، شرک، اور نفاق سے پاک رکھا۔ جنت جو اللہ کا فضل ہے، مگر اس فضل کا دروازہ صرف شرک آسے پاک توحید اور تقویٰ واخلاص سے ہی کھلتا ہے۔