اسلام کا بنیادی عقیدہ لا إله إلا الله صرف ایک لفظی نعرہ نہیں بلکہ پورے دین کی بنیاد ہے۔ یہ اعلان بندگی کا بھی ہے اور بغاوت کا بھی۔ بندگی صرف اللہ کی اور بغاوت ہر اُس باطل قوت سے جو اللہ کی ربوبیت، الوہیت یا حاکمیت میں شریک بنے۔ یہی کلمہ انبیاء علیہم السلام کی دعوت کا مرکز اور مومن و کافر کے درمیان حدِ فاصل ہے۔ اس لیے محض زبان سے اقرار کافی نہیں، جب تک دل سے ایمان اور عمل سے انکارِ طاغوت نہ ہو۔ فرمایا کہ
فَمَن يَكْفُرْ بِالطَّاغُوتِ وَيُؤْمِنۢ بِاللَّهِ فَقَدِ اسْتَمْسَكَ بِالْعُرْوَةِ الْوُثْقَىٰ لَا ٱنفِصَامَ لَهَا ۗ وَٱللَّهُ سَمِيعٌ عَلِيمٌ
جو شخص طاغوت کا انکار کرے اور اللہ پر ایمان لائے، اس نے ایک مضبوط کڑا تھام لیا جسے کوئی ٹوٹ نہیں سکتا، اور اللہ سب کچھ سننے اور جاننے والا ہے۔
(البقرۃ، :256)
ایمانِ توحید دو حصوں پر قائم ہے کہ انکارِ طاغوت اور اقرارِ ایمان باللہ۔ اگر کوئی شخص صرف اللہ ایک ہے کہہ دے مگر طاغوتی نظام، جھوٹے اولیاء، قبروں یا دنیاوی معبودوں کی اطاعت میں رہے تو وہ حقیقت میں ایمان نہیں لایا۔
نبی ﷺ نے فرمایا
مَن قالَ لا إلهَ إلا اللهُ، وكفَرَ بما يُعبَدُ مِن دونِ اللهِ حَرُمَ مالُهُ ودمُهُ، وحسابُهُ على اللهِ
جس نے کہا لا إله إلا الله اور ان تمام چیزوں کا انکار کیا جن کی اللہ کے سوا عبادت کی جاتی ہے، اس کا مال و جان محفوظ ہے، اور اس کا حساب اللہ کے ذمہ ہے۔
صحيح مسلم – كتاب الإيمان – باب الْأمر بقتال الناس حتى يقولوا ۔۔۔: 23
لہٰذا لا إله إلا الله کا حقیقی مفہوم یہ ہے کہ بندہ دل سے ایمان، زبان سے اقرار، اور عمل سے انکارِ طاغوت کرے۔ صحابہؓ نے یہی عقیدہ زندہ کیا اور اسی کے لیے قربانیاں دیں۔ آج بھی توحید کا تقاضا یہی ہے کہ انسان ہر شرکیہ تعلق سے بیزار ہو کر صرف اللہ کی بندگی اور شریعت کی اطاعت میں زندگی بسر کرے۔ یہی ایمانِ خالص اور راہِ نجات ہے۔