توحید اسلام کی بنیاد اور ہر عمل کا محور ہے۔ یہ صرف زبان سے کہے گئے کلمے کا نام نہیں بلکہ ایک ایسا جامع نظامِ زندگی ہے جو انسان کے عقیدہ، عبادت، اخلاق، معاشرت، معیشت، سیاست اور عدل کے تمام پہلوؤں کو اپنے دائرے میں لاتا ہے۔ اگر توحید کو محض عقیدہ سمجھا جائے اور زندگی کے باقی شعبے انسانی خواہشات یا طاغوتی قوانین کے تابع کر دیے جائیں، تو یہ ناقص ایمان ہے، کیونکہ اسلام کا تقاضا ہے کہ بندگی صرف اللہ کے لیے ہو، اور ہر فیصلہ اسی کے حکم سے ہو۔
اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ
قُلْ إِنَّ صَلَاتِي وَنُسُكِي وَمَحْيَايَ وَمَمَاتِي لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ لَا شَرِيكَ لَهُ وَبِذَٰلِكَ أُمِرْتُ وَأَنَا أَوَّلُ الْمُسْلِمِينَ
کہہ دو! بے شک میری صلاۃ، میری قربانی، میرا جینا اور میرا مرنا سب اللہ ربّ العالمین کے لیے ہے، اس کا کوئی شریک نہیں، مجھے اسی کا حکم دیا گیا ہے، اور میں سب سے پہلا فرمانبردار ہوں۔
الأنعام: 162، 163
یہ آیت اعلانِ بندگی ہے، جو یہ واضح کرتی ہے کہ اسلام میں توحید صرف عبادت تک محدود نہیں بلکہ زندگی کے ہرعمل میں اللہ کی حاکمیت کو تسلیم کرنا لازم ہے۔ نبی ﷺ نے مدینہ میں توحید کو ریاستی، معاشرتی اور معاشی نظام کی بنیاد بنایا۔
آپ ﷺ نے واضح فرمایا
مَن قالَ لا إلهَ إلا اللهُ وكَفَرَ بما يُعبَدُ من دونِ اللهِ حَرُمَ مالُهُ ودمُهُ
جس نے لا إله إلا الله کہا اور اللہ کے سوا جو کچھ پوجا جاتا ہے اس کا انکار کیا، اس کا مال اور خون حرمت والا ہو گیا۔
صحيح مسلم – كتاب الإيمان – باب الْأمر بقتال الناس حتى يقولوا ۔۔۔:23
یہ اس بات کی دلیل ہے کہ توحید محض اقرار نہیں بلکہ انکارِ طاغوت کے بغیر مکمل نہیں۔ اگر کوئی اللہ کو مانے لیکن نظامِ زندگی میں اس کے حکم کو نہ مانے تو وہ توحید سے دور ہے۔ توحید کا اصل تقاضا ہے کہ بندہ اپنے فیصلوں، نظاموں اور وفاداریوں کو صرف اللہ کے حکم کے تابع کرے۔ ایمان اس وقت مکمل ہوتا ہے جب انسان اپنی پوری زندگی کے نظام کو الله رب العالمین کے سپرد کر دے۔ یہی کامل توحید ہے۔ جو ایمان کو عقیدے سے عملی نظامِ بندگی میں بدل دیتی ہے۔